* کبھی کسی پہ بہت اعتبار مت کرنا *
کبھی کسی پہ بہت اعتبار مت کرنا
ندی کو کاغذی کشتی سے پار مت کرنا
اگر وجود سے اپنے تمہیں محبت ہے
کبھی کسی سے مرے دوست پیار مت کرنا
کسی کے عشق میں دہلیز پار کرجائے
کسی کو اتنا خدا بے قرار مت کرنا
چہکتی، کھیلتی، معصوم ناتواں چڑیا
تم آدمی ہو تو اُس کا شکار مت کرنا
نہیں درست یہ شیوہ بہادروں کے لئے
کسی کی پیٹھ پہ دھوکے سے وار مت کرنا
قلم اٹھانا تو لکھنا ہمیشہ سچ نغمہؔ
خزاں کو سبز رتوں میں شمار مت کرنا
********************* |