* حرف حرف ایک آئینہ ہے غزل *
غزل
حرف حرف ایک آئینہ ہے غزل
جذبۂ دل کا ترجمہ ہے غزل
جس کو بُنتے ہیں ریشمی احساس
خوبصورت سی وہ ردا ہے غزل
جستجو بھی ہے اور منزل بھی
خوشنما ایک راستہ ہے غزل
دورِ حاضر کا سچا البم ہے
وقت کی گویا ہم نوا ہے غزل
نکہتِ گل ہے ، کیفِ صہبا ہے
نور ہے ، سرخیٔ حنا ہے غزل
حمد ہے یہ کبھی ، کبھی ہے سلام
منقبت تو کبھی دعا ہے غزل
نازلیؔ اس سے ہے ادب کا وقار
رفعتِ فن کا آئینہ ہے غزل
ڈاکٹر) نلنی وبھا نازلیؔ)
Government
Post Graduate College
Hamirpur-177005
(Himachal Pardesh)
Mob: 9418304634
بشکریہ جانِ غزل مرتب مشتاق دربھنگوی
……………………
|