* پُرنور ہوں گے سب در و دیوار دیکھنا *
غزل
پُرنور ہوں گے سب در و دیوار دیکھنا
ہوگا نصیب کوچۂ دلدار دیکھنا
دل یوں تو مضطرب ہے تری یاد سے مگر
ہوجائے غم سے اور نہ بیزار دیکھنا
بدلا ہوا ہے اس نئی تہذیب کا مزاج
ہیں لوگ بے حیائی میں سرشار دیکھنا
یادوں کے پھول میں نے لگائے ہیں ہرطرف
امید کے کھلیں گے یہ گلزار دیکھنا
تائید کرنا میرے کبھی فکر و فن کی بھی
مجھ میں بھی ہے چھپا ہوا فنکار دیکھنا
جلتی رہوں گی بن کے صداقت کی شمع میں
دنیا کو میں کروں گی ضیا بار دیکھنا
منزل ہمیں ملے گی جو ہے عزم و حوصلہ
نکہتؔ مگر ہے راہ بھی دشوار دیکھنا
نسرین نکہتؔ
C/34, Sector-15
Rourkela (Orrissa) Pin: 769003
Mob: 9937322634
بشکریہ جانِ غزل مرتب مشتاق دربھنگوی
……………………………
|