* سب سے بہتر وہی انسان نظر آتے ہیں *
سب سے بہتر وہی انسان نظر آتے ہیں
جو گناہوں پہ پشیمان نظر آتے ہیں
جب بھی رکھتے ہیں قدم راہِ صداقت میں ہم
ہر قدم پر ہمیں طوفان نظر آتے ہیں
کیا کریں گے وہ رفو چاک گریباں میرا
خود ہی جو چاک گریبان نظر آتے ہیں
شیخ صاحب کی نصیحت کا نتیجہ ہے یہ
میکدے آج جو ویران نظر آتے ہیں
جن کی دانائی کبھی لگتی ہے نادانی سی
ایسے دانا ہمیں نادان نظر آتے ہیں
چند سکوں کے لئے بیچتے ہیں جو ایمان
ایسے بھی صاحبِ ایمان نظر آتے ہیں
چین حاصل ہے نگارؔ آج کسے دنیا میں
لوگ سارے ہی پریشان نظر آتے ہیں
*********** |