* الفاظ و معنی صفِ اعراب میں گم ہیں *
رئیس الدین رئیس
الفاظ و معنی صفِ اعراب میں گم ہیں
اشعار مرے صفحۂ اعجاب میں گم ہیں
تیراک سمندر کی تہوں میں ہیں کہاں گم
ساحل کے قریں حصہ پایاب میں گم ہیں
کیوں ڈھونڈتی پھرتی ہیں انہیں کالی گھٹائیں
صحرا تو ابھی خطۂ سیراب میں گم ہیں
کاندھوں پہ قدم رکھ کے بلندی پہ ہیں کچھ لوگ
اِک ہم ہیں کہ اسلاف کے آداب میں گم ہیں
کھل جائیں گے سچائی کے اسرار بھی آخر
دن رات یہ آنکھیں تو ابھی خواب میں گم ہیں
تھی جس سے رئیس اپنی ہر اک رات منور
سب داغ سیہ اب اسی مہتاب میں گم ہیں
10/1725, Delhi Gate,
Aligarh-202001(U.P) |