* جینا ہے بہت مشکل دنیا سے جدا ہوکر *
غزل
جینا ہے بہت مشکل دنیا سے جدا ہوکر
جائیں گے کہاں آخر ہم تم سے خفا ہوکر
ہیں نائو مری آنکھیں اِس دل کے سمندر میں
وہ نائو میں بیٹھے ہیں آنکھوں پہ فدا ہوکر
ہم خواب تمہارے ہیں تم قدر نہیں کرتے
ڈھونڈوگے ہمیں برسوں تم بادِ صبا ہوکر
جگنو بھی نہیں چمکے گل بھی نہ کھِلا کوئی
خوشیوں کو بلاتا ہے دل غم سے رہا ہوکر
چاندی کے پیالوں میں سونے کے نوالے تھے
یہ زندگی گزری ہے جینے کی سزا ہوکر
کچھ میرکے لہجے میں کچھ بدرکی جدت سے
ہم شعر نہ کہہ پائے راحت کی ادا ہوکر
(ڈاکٹر) راحت بشیر بدر
Taiyeb House
11, Rehana Colony
Idgah Hills
Bhopal-462001 (M.P)
Mob: 9425007018
Ph: 0755-2547018
بہ شکریہ جانِ غزل مرتب مشتاق دربھنگوی
+++
|