* ہر آدمی ہے اپنے قبیلے کا سرورق *
(سعید رحمانی ( کٹک
ہر آدمی ہے اپنے قبیلے کا سرورق
چہرہ ہے زندگی کے جریدے کا سرِ ورق
یہ دھوپ اصل میں ہے اذیت کی اک کتاب
چھائوں ہے پر سکون وسیلے کا سرورق
میرا وجود شہر کی پر شور بھیڑ میں
تنہائیوں میں غرق جزیرے کا سرورق
اس کا خلوص حرفِ انا کی بیاض ہے
میری وفا ہے دل کے قرینے کا سرورق
موہوم سا جو عکس نظر آیا اے سعیدؔ
وہ بن گیا اُمید کے شیشے کا سرورق
Dwan Bazar, Cuttack-753001 (Orissa)
٭٭٭
|