غزل
( برائے بہار اردو یوتھ فورم)
شبِ فراق کا قصہ تمام تر لکھ دے
کوئی اسے مرے حالات سر بسر لکھ دے
کہا یہ کس نے کہ تو عیب کو ہنر لکھ دے
مگر جو بات ہو نقاد معتبر لکھ دے
کروں گا اور میں صحرانوردیاں کب تک
الٰہی میرے مقدر میں ایک گھر لکھ دے
سلونی شام خوشی کی تجھے میں لکھتا ہوں
مجھے سلگتی ہوئی گرم دوپہر لکھ دے
مرا بیان حقیقت سے پھِر نہیں سکتا
وہ میرے نام پہ جتنا بھی مال و زر لکھ دے
قیامِ امن کی خاطر اگر ضروری ہے
خوشی سے قتل کا الزام میرے سر لکھ دے
شفیق ؔ شہر ِسخن میں سنہرے حرفوں سے
ہے نامِ حضرتِ زخمی ؔ بھی معتبر لکھ دے
شفیق ؔ رائے پوری
موبائل نمبر 9406078694
*********************