* خوابوں کی خوبصورت تصویر بن کے آئو *
غزل
خوابوں کی خوبصورت تصویر بن کے آئو
تحریرِ مختصر کی تفسیر بن کے آئو
ویراں پڑا ہے کب سے دل کا نگار خانہ
تم سے اگر ہو ممکن تصویر بن کے آئو
زنہار نہ ٹوٹیں گے رشتے یہ عمر بھر کے
تم تیر بن کے آئو شمشیر بن کے آئو
اٹھتے نہیں اٹھائے غم کے پہاڑ مجھ سے
میں ٹوٹ بھی جو جائوں تعمیر بن کے آئو
گم کردہ ہوں حقیقت گمنام ہوں فسانہ
مجھ کو وجود دے دو تحریر بن کے آئو
میری تو آرزو ہے تم مجھ کو قید کرلو
اس بار تم جو آئو زنجیر بن کے آئو
مانا کہ ہے ثریا فقدان روشنی کا
تم خود تو ہو ستارہ تنویر بن کے آئو
ثریا صولت حسین
1702, Star Regency Gardens, Sector-6
Kharghar, Navi Mumbai-410210
Mob: 9930783561
بہ شکریہ جانِ غزل مرتب مشتاق دربھنگوی
+++
|