* جو ہے دیوار وہ مسمار کردے *
غزل
جو ہے دیوار وہ مسمار کردے
تعلق کی فضا ہموار کردے
خوشی تُو بھول بیٹھی ہے مرا گھر
کسی دن آ مجھے سرشار کردے
کہیں ایسا نہ ہو میری گلی کو
سیاست کی فضا بیمار کردے
مرے سچ بولنے کا دکھ ہے تجھ کو
مجھے رسوا سرِ بازار کردے
مجھے گمنامیاں ڈسنے لگی ہیں
مجھے اے زندگی اخبار کردے
لگا مت بھیڑ اتنی خواہشوں کی
کہ لینا سانس بھی دشوار کردے
ہے یاروں میں کوئی عیار یونس
تو اپنے آپ کو ہشیار کردے
یونس سلطانپوری
53/39A, Tiljala Road
Kolkata-700046
Mob: 9331203037
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|