اردو کی آواز
احمد علی برقیؔ اعظمی
وِردِ زباں ہو سارے جہاں میں اردو کی آواز
گونجے مسلسل کون و مکاں میں اردو کی آواز
شامل ہو اخلاص سبھی کا نشر و فروغِ اردو میں
دبے نہ فکرِ سود و زیاں میں اردو کی آواز
اردو غزل اصنافِ سخن میں ہے سب سے مقبول
اِس سے بلند ہے سارے جہاں میں اردو کی آواز
غالبؔ،داغ ؔ اور میرؔ و مومنؔ ہیں اس کی پہچان
مستحکم ہے تاب و تواں میں اردو کی آواز
ہیں اقبالؔ کے اس میں ترانے جن کی ہے ہر سو دھوم
سب کی پسند ہے پیر و جواں میں اردو کی آواز
انٹرنِٹ ہے ایسا وسیلہ آپ دیں گر برقیؔ کا ساتھ
چھا جائے گی سارے جہاں میں اردو کی آواز
***************