* دو عالم میں سب سے بلند آپؐ کا قد *
نعتِ رسول ﷺ
دو عالم میں سب سے بلند آپؐ کا قد
محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
جو نورِ محمدؐ خدا نے بنایا
وہ آدمؑ کی پیشانی پر جگمگایا
فرشتوں سے پھر اُس کو سجدے کرایا
محمدؐ کی خاطر زمیں کو بسایا
خدا وحدہٗ ، اُس کے محبوب احمدؐ
محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
زمانے کی رحمت ہیں خیر البشر ہیں
فدا جان و دل آپؐ کے حسن پر ہیں
خجل آپ سے کتنے شمس و قمر ہیں
سب اقوال شیریں ہیں اور معتبر ہیں
کوئی آپؐ کی بات کیسے کرے رد
محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
مدینے کی رونق تو کعبے کی عظمت
صداقت کے پیکر مثالِ شرافت
ہیں اظہر من الشمس کردار و سیرت
رسولِ خدا کا ہی صدقہ ہے جنت
مقام آپؐ کا ہے رسالت میں امجد
محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
مرے کملی والے کی میں ہوں سوالی
پسارے کھڑی ہوں دعائوں کی تھالی
سلامت رہے میری مہندی کی لالی
درِ مصطفیٰ سے نہ جائوں گی خالی
تصور میں ہے اُن کے روضے کا گنبد
محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
شہِ انبیاء کا بیاں کررہی ہوں
عقیدت میں اپنی عیاں کررہی ہوں
جبینِ خودی ضوفشاں کررہی ہوں
میں جنت میں اپنا مکاں کررہی ہوں
مقام آپؐ کا جاوداں اور سرمد
محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
*************************** |