* ایک احساسِ عبادت ہے محبت کیا ہے *
ایک احساسِ عبادت ہے محبت کیا ہے
آپ کیا سمجھیں محبت کی حقیقت کیا ہے
مسکراتے ہوئے ملتے ہیں سرِ راہ مجھے
آج کل مجھ پہ عدو کی یہ عنایت کیا ہے
ساری مخلوق سے انسان کا رتبہ ہے بڑا
سامنے اسکے فرشتوں کی حقیقت کیا ہے
چند حالات میں اکثر یہ خیال آتا ہے
دوست جب آپ ہیں دشمن کی ضرورت کیا ہے
ہم تو انسان ہیں پل پل کی خبر کیا جانیں
یہ خدا جانتا ہے ، اُس کی مشیت کیا ہے
ماں ہے جس گھر میں وہی گھر تو ہے جنت نغمہؔ
ماں کے ہوتے ہوئے جنت کی ضرورت کیا ہے
********************** |