* یہ کس کا، بے ادب ہونٹوں پہ تیرے نام *
غزل
رمز عظیم آبادی
یہ کس کا، بے ادب ہونٹوں پہ تیرے نام آتا ہے
سنبھل اے دل محبت پہ، ترا الزام آتا ہے
کلی کے حسنِ فانی کا تصور گل کے ہنسنے پر
خطا شبنم کی تھی بادِ صبا کا نام آتا ہے
مرے حصے کی مئے خود ہی چھلک جاتی ہے ساغر سے
ترا کیا جرم ہے ساقی جو خالی جام آتا ہے
تصور میں وہی ماضی کی رونق لوٹ آتی ہے
تری یادوں کے سائے میں مجھے آرام آتا ہے
مجھی سے ہو گئی منسوب چلتی پھرتی بد نامی
مری جانب چہکتا بولتا الزام آتا ہے
کسی پر جان دینا رمز ؔمعراج تمنا ہے
محبت میں یہی جذبہ ہمیشہ کام آتا ہے
٭٭٭
|