donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
design_poetry
Share on Facebook
 
Aasi Ghazipuri
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
* قید تھی کوئی نہ ذکرِ قیدی و زنجیر ت *

غزل

قید تھی کوئی نہ ذکرِ قیدی و زنجیر تھا
دل مرا اُس وقت اسیرِ گیسوئے بے پیر تھا
عشق میں ، کہتے ہیں کامل آسیؔ دل گیر تھا
آہ جس کی بے اثر تھی نالہ بے تاثیر تھا
سنگ دل جو رات سن کر قائلِ تاثیر تھا
شعرِ آسی تھا کوئی یا نالہ شب گیر تھا
حالتِ دل خاک میں کہتا کہ تا ہنگامِ مرگ
آپ کا شکرِ جفا یا شکوۂ تقدیر تھا
کوچۂ جاناں سے جیتے جی نہ پھر نکلا جو میں
چشمِ نقشِ پا میں شاید سرمۂ تسخیر تھا
جس طرف سے ہو کے گزرا چھید ڈالے دل جگر
نالۂ غم تھا کہ مژگانِ صنم کا تیر تھا
میں جسے سُن کر حیاتِ جاودانی پاگیا
وہ دمِ ذبح اس کے منہ سے نعرۂ تکبیرتھا
عشق سے فرہاد کے پردے میں پایاانتقام
ایک مدت سے ہمارا خون دامن گیر تھا
سچ بتانا اے نگاہِ نازتیرے بھیس میں
کس قدر انداز کے دست و کماں کا تیر تھا
تونے گھونگھٹ کیا اُٹھایا لگ گئی عالم میں آگ
جلوہ یا کوئی شرارِ آہ پُر تاثیر تھا
یار تک پہنچا تو میں لیکن فنا ہونے کے بعد
جادۂ راہِ طلب تھا یا دمِ شمشیر تھا
باغ میں جا کر پھر آنا چھپ کے رات اُن کا غلط
کیوںبرنگِ غنچہ ہر برگ چمن دل گیر تھا
عشق کیا کیا نسبتیں کرتا ہے پیدا حُسن سے
زلف گر شب رنگ تھی نالہ مرا شب گیر تھا
نالوں کی عرضِ تمنا دیکھنا تھا دیدنی
دیدہ حیرت خانۂ بیتابی ِ تقریر تھا
وہ مصوّر تھا کوئی یا آپ کا حُسنِ شباب
جس نے صورت دیکھ لی ایک پیکر تصویر تھا
امتیازِ صید و صیدا فگن نہ تھا جس عہد میں
تیرے فتراکِ نظر کا مرغِ جاں نخچیر تھا
برقِ ہستی سوز تھی یا حسنِ روئے بے نقاب
دیکھنا اُس شوخ کا مرگِ جوان وپیر تھا
ظاہر و مظہر اگر باہم نہیں تھے حُسن و عشق
بلبلیں رنگیں نوا کیوں، غنچہ کیوں دل گیر تھا
نا شگفتہ گلشن ہستی سے جو جاتا رہا
وہ دلِ پُر آرزو یا غنچۂ تصویر تھا
کس طرح سمجھوں کہ عشقِ غیر کا تھا اعتبار
کب وہ میری طرح اس محفل میں بے توقیر تھا
پائے بوسِ آسی دیوانہ کا اللہ رے شوق
حلقہ چشم تصور حلقہ زنجیر تھا
حق ہو یا نا حق ، کہا تم نے ہوا بدنام میں
اب تو ثابت ہو گیا منصور بے تقصیر تھا

٭٭٭

 
Comments


Login

You are Visitor Number : 336