* مجھ پہ ہے بارش احسان رسولِ عربیؐ *
غزل
مجھ پہ ہے بارش احسان رسولِ عربیؐ
میں ہوں اور سایۂ دامانِ رسولِ عربیؐ
مالک الملک بہ تملیک خداوند کریم
اے عدو!دیکھ یہ ہے شانِ رسولِ عربیؐ
ان کی عزت کا تھا کیا راز بتاتا ہوں تجھے
تیرے اسلاف تھے قربانِ رسولِ عربیؐ
ہو خودی تیری مسلماں تو سمجھ میں آئے
معرفت حق کی ہے عرفانِ رسولِ عربیؐ
سارے اصحاب کی واجب ہے اطاعت تجھ پر
ان کا فرمان ہے فرمانِ رسول عربیؐ
روح قرآں ہیں وہی حاصل ایماں ہیں وہی
اہل بیت نبوی جانِ رسولِ عربیؐ
رتبۂ حضرت ’جبریل امیں‘ کیا کہنا
جو بنائے گئے دربانِ رسولِ عربیؐ
سب پہ ہے ’رحمت عالم‘ کی نظر اے واقف
ذرہ ذرہ ہے ثنا خوانِ رسول عربیؐ
+++
|