* مرکے حاصل بوسۂ لب ہائے جانا نہ ہوا *
غزل
مرکے حاصل بوسۂ لب ہائے جانا نہ ہوا
جب ہماری خاک سے تیار پیمانہ ہوا
جوش وحشت میں کسی کی کون لیتا ہے خبر
’’کب شریک حال دیوانے کا دیوانہ ہوا
کس سے پوچھے کوئی اس جانِ جہاں کا ماجرا
جس نے دیکھا اک نظر اپنے سے بیگانہ ہوا
زندگی بھر تو کسی نے بات تک پوچھی نہیں
بعد مرنے کے مرا مشہور افسانہ ہوا
حمد حق چھیڑی عنادل نے کچھ اس انداز سے
غنچہ غنچہ باغ کا تسبیح کا دانہ ہوا
رات دن یادِ بتاں ذکرِ بتاں فکرِ بتاں
کعبہ دل کیا ہوا میرا کہ بت خانہ ہوا
ہمنشیں شمع رخِ جاناں پہ مرنا شرط ہے
پرنکل آئے تو کیا مچھر بھی پروانہ ہوا
دیکھتا ہوں ایک ہی جلوہ ہر اک تصویر میں
ذرہ ذرہ اب تو مجھ کو آئینہ خانہ ہوا
دیر وکعبہ میں ازل سے برقؔ جو تفریق تھی
ہوگئی نابود، واجب بابِ میخانہ ہوا
+++
|