* اے سرورِ دوعالم اے عز وشان والے *
نعت
اے سرورِ دوعالم اے عز وشان والے
قرباں ہیں تیرے اوپر دونوں جہان والے
وہ کون ہے جہاں میں جس کاتری طرح سے
چلاکے پڑھ رہے ہوں کلمہ اذان والے
جن وبشر ملائک ہر لحظہ بھیجتے ہیں
لاکھوں درود تجھ پر اے آن بان والے
طیبہ میں سج رہی ہے بزم ِ ملاءِ اعلیٰ
صدقے ہیں اس زمیں پر سب آسماں والے
قدرت کا معجزہ ہے ذاتِ نبی ؐ امیؐ
ہیں گنگ جس کے آگے افصح زبان والے
وجہ وجودِ خلقت نورنبیؐ ہے یعنی
حق لامکاں ہے اور ہیں احمد مکان والے
رفرف کی گرد کو بھی پہنچے نہ برقؔ یوں تو
اڑتے ہیں کیسے کیسے راکٹ اڑان والے
+++
|