* ذکرخدا سے دل گرمانا اچھا لگتا ہے *
نعت پاک
ذکرخدا سے دل گرمانا اچھا لگتا ہے
یادِ نبیؐ سے من بہلانا اچھا لگتا ہے
باطل کی ظلمت کو مٹانا اچھا لگتا ہے
گھر گھر حق کے دیپ جلانا اچھا لگتا ہے
آپ کی سنت زندہ کرنا آپ کی خوشنودی
آپ کا کلمہ پڑھنا پڑھانا اچھا لگتا ہے
جائوں مدینہ جا کے نہ آئوں ارماں ہے دل کا
مجھ کو وہاں کا آب و دانہ اچھا لگتا ہے
غارِ حرا کی دیکھ کے عظمت شوق ہو ا پیدا
ہمت کرکے اس تک جانا اچھا لگتا ہے
روضہ اقدس شہرِ مدینہ کعبہ اور مکہ
دیکھ لوں میں بھی حج کا زمانہ اچھا لگتا ہے
حق و یقیں میں محفل دیں میں رنج و خوشی میں بھی
نعتِ نبی پڑھ پڑھ کے سنانا اچھا لگتا ہے
آپ کی سیرت آپ کا جلوہ آپ کی صورت کو
دل کے ہر اک گوشے میں بسانا اچھا لگتا ہے
جس کی شفاعت آپ نے کردی جنت ہے اس کی
یاس وہاں مل جائے ٹھکا نا اچھا لگتا ہے
٭٭٭
|