* نوع بشر کا درس ہے گفتارِ مصطفےٰ ؐ *
نعتِ پاکؐ
نوع بشر کا درس ہے گفتارِ مصطفےٰ ؐ
آئینہ حیات ہے کردارِ مصطفےٰ ؐ
بیٹھے ہیں جانثار وطرفدارِ مصطفےٰ ؐ
اللہ رے شان وشوکتِ دربارِ مصطفےٰ ؐ
جواپنا جان ومال لٹاتے ہیں شوق سے
بے شک وہی ہیں اصل میں غمخوارِ مصطفےٰ ؐ
دشمن کو بھی نوازا دعائوں سے آپ ؐ نے
یکساں تھے سب کے واسطے انوارِ مصطفےٰ ؐ
بس دل میں بار بار یہی آرزو ہے اب
اک بار پھر میں دیکھ لوں گلزار مصطفےٰ ؐ
جو بھی عمل ہو شرع کے ہر گز نہ ہو خلاف
دیتا ہے یہ سبق ہمیں کردارِ مصطفےٰ ؐ
رو کر دعائیں مانگنا امت کے واسطے
اطوارِ مصطفےٰؐ تھے یہ افکارِ مصطفےٰؐ
پسپا ہوئے ہیں یاسؔ وہاں دشمنِ رسول
جب بھی ہوئی ہے جنگ میں یلغارِ مصطفےٰؐ
٭٭٭
|