* تذکرہ تیرا گفتگو تیری *
حمد باری تعالی
تذکرہ تیرا گفتگو تیری
ہر گھڑی بس ہو جستجو تیری
تو سخی اور توہی داتا ہے
رزق دینا ہے سب کو خو تیری
توُ ہے اپنی صفات میں یکتا
خوب شکلیں ہیں خوب رو تیری
رنگ قوس و قزح میں ہیں تیرے
اور شفق بھی ہے سرخ رو تیری
مہر جگنو قمر ستارے شرر
روشنی سب میں چار سو تیری
یہ چمن مر غزار سب تیرے
اور کویل ہے خوش گلو تیری
سبزۂ و گل میں رنگ ہیں تیرے
اور ہر پھول میں ہے بو تیری
ذہن پاکیزہ رکھ کے خامہ سے
حمد لکھتا ہوں با وضو تیری
غیر بھی تیر ے ہو گئے قائل
بات کرتے ہیں اب عدو تیری
قطرہ قطرہ ہے آئینہ تیرا
اور شبنم میں ہے نمو تیری
اب تو خلوت میں اور جلوت میں
یاس کرتا ہے گفتگو تیری
٭٭٭
|