* بسی ہو دل میں جس کے سورۂ رحمن کی خوش *
غزل
بسی ہو دل میں جس کے سورۂ رحمن کی خوشبو
اسی کے ہر عمل سے پھیلے گی ایمان کی خوشبو
ترے ساحل پہ اے دریا خموشی چار دن کی ہے
ہوائے تازہ دیتی ہے نئے طوفان کی خوشبو
یہ برساتی ندی دو چار دن میں سوکھ جائے گی
کہ اس کے دامنِ تر میں ہے ریگستان کی خوشبو
ہیں اس کے گھر کے گلدانوں سے باسی پھول بھی غائب
لباسوں پر چھڑکتا تھا کبھی جاپان کی خوشبو
مجھے اے ماں وطن سے دور ہر آرام حاصل ہے
مگر مجھ کو ستاتی ہے ترے پکوان کی خوشبو
اگر احسان کرنا ہے تو پہلے سوچ لو پیارے
نکل آئے نہ باتوں سے کہیں احسان کی خوشبو
مری غزلوں سے یہ دنیا مجھے پہچان لیتی ہے
مری غزلیں چھڑکتیں ہیں مری پہچان کی خوشبو
کبھی دلّی کو بھی اس طور سے لٹتے نہیں دیکھا
لٹی ہے جس طرح اشرف مرے ارمان کی خوشبو
اشرف یعقوبی
6/2/H/1, K.B. 1st Lane
Narkeldanga, Kolkata-700011
Mob: 9903511902 / 9835628519
بشکریہ: مشتاق دربھنگوی
…………………………
|