* یہ فصلِ بہاراں گلوں کے یہ سائے *
غزل
یہ فصلِ بہاراں گلوں کے یہ سائے
کہیں اہلِ گلشن کو نیند آ نہ جائے
ہنسی کی کہانی وہ کیسے سنائے
زمانہ ہوا ہے جسے مسکرائے
غموں کی کڑی دو پہر کا نہیں غم
میسر ہیں مجھ کو بزرگوں کے سائے
بنایا ہے جس نے لٹیرے کو رہبر
ہمیں ڈر ہے وہ قافلہ لٹ نہ جائے
ترقی کی دُھن میں بشر رفتہ رفتہ
تباہی کی اپنی سبب بن نہ جائے
وہاں کیا چراغِ محبت کی باتیں
جہاں آدمی آدمی کو جلائے
اسے آپ انسان کہئے نہ اشرف
خوشی میں جو نامِ خدا بھول جائے
اشرف یعقوبی
6/2/H/1, K.B. 1st Lane
Narkeldanga, Kolkata-700011
Mob: 9903511902 / 9835628519
…………………………
|