* باز آئیے صاحب میرا گھر جلانے سے *
غزل
باز آئیے صاحب میرا گھر جلانے سے
ورنہ ہم بھی واقف ہیں آپ کے ٹھکانے سے
ایک ایسا موسم بھی آنے والا ہے جس میں
زہر پھیل جائے گا گُل کے مسکرانے سے
جب بھی برق گرتی ہے میرے سر پہ گرتی ہے
دشمنی اسے کیوں ہے میرے آشیانے سے
قافلے کے لوگوں کو کون اتنا سمجھائے
منزلیں نہیں ملتیں تھک کے بیٹھ جانے سے
اپنی بے ضمیری پر وہ خجل نہیں ہوتا
فائدہ نہیں کچھ بھی آئینہ دکھانے سے
کون حال پوچھے گا کس کو اتنی فرصت ہے
اڑ گئے پرندے سب پیڑ سوکھ جانے سے
صبح پا کے خوش تھے ہم جانتے نہ تھے اشرف
صبح کا تعلق ہے رات کے گھرانے سے
اشرف یعقوبی
6/2/H/1, K.B. 1st Lane
Narkeldanga, Kolkata-700011
Mob: 9903511902 / 9835628519
…………………………
|