* غیروں کی دیوار پہ ہر گز مت رکھئے *
غیروں کی دیوار پہ ہر گز مت رکھئے
اپنی دیواروں پر اپنی چھت رکھئے
شومیٔ قسمت پر رونا نادانی ہے
اپنی مٹھی میں اپنی قسمت رکھئے
ظالم سے سمجھوتہ کرنا ٹھیک نہیں
حوصلہ دل میں بازو میں قوت رکھئے
گائوں کے دستوروں میں یہ بھی شامل ہے
رہگیروں کے واسطے بھی شربت رکھئے
ممکن ہو تو اپنے جلوت خانے میں
تھوڑی بقدرِ گنجائش خلوت رکھئے
عشرہ ، عمرہ ، سدرہ ، یسریٰ ، صدف ، استبشار
اُن کے لئے بھی صابرؔ کچھ فرصت رکھئے
(مقطع میں نواسے نواسیوں کا ذکر ہے)
********************* |