* اپنا جلوہ مجھ کو دکھائے *
اپنا جلوہ مجھ کو دکھائے
میرے من کو خوب وہ بھائے
ہے وہ مگر پیسے کا کھیلا
اے سکھی ساجن؟ نا سکھی میلہ
ء
آنکھوں کو دے خواب سہانے
اُس کو میرا دل ہی جانے
دل میں رہے وہ بن کے مہماں
اے سکھی ساجن؟ نا سکھی ارماں
ء
ہلکا بھاری اُس کا لہجہ
کانوں سے ہے اُس کا رشتہ
دکھلائے اپنی اوقات
اے سکھی ساجن؟ نا سکھی بات
ء
جب وہ پورب دیس سے آئے
میرے دل میں درد جگائے
اُس کا اثر ہے ٹھنڈا ٹھنڈا
اے سکھی ساجن؟ نا سکھی پُروا
*** |