* جبکہ شامل ہوگئی باہر کی بات *
جبکہ شامل ہوگئی باہر کی بات
کیسے رہتی گھر کے اندر گھر کی بات
پھنس گیا جب گمرہی کے غار میں
یاد آئی تب اسے رہبر کی بات
اتنا سارا خون کیسے بہہ گیا؟
کر رہے تھے لوگ پیغمبر کی بات
جن کو ہے دولت کمانے کی ہوس
رات دن کرتے ہیں مال و زر کی بات
ہائے اس کی بات میں کیا بات ہے
کرتے ہیں سب اس پری پیکر کی بات
پھیل جاتی ہے وہ سارے شہر میں
لوگ اڑا دیتے ہیں یوں بے پر کی بات
اس میں صابرؔ کوئی دلچسپی نہ تھی
کون سنتا میری چشمِ تر کی بات
******************** |