* فسانۂ عجائبات سن کے رو پڑے *
فسانۂ عجائبات سن کے رو پڑے
کہانیوں کے حادثات سن کے رو پڑے
ہم اپنی پوری بات کیا سناتے آپ کو
کہ آپ تو ذراسی بات سن کے روپڑے
سمجھتے ہوں گے وہ ضرور تشنگی کا کرب
جبھی تو قصۂ فرات سن کے رو پڑے
قفس کی بات اس قدر عزیز ہوگئی
ملے گی قید سے نجات سن کے رو پڑے
تمہاری آنکھ ہے کہ آنسوئوں کی ہے ندی
ذرا سی ایسی ویسی بات سن کے روپڑے
ہمارے پاس ایسے ایسے واقعات ہیں
بیاں کریں تو کائنات سن کے رو پڑے
***************** |