* عکسِ دلگیر کہاں سے لاتے *
عکسِ دلگیر کہاں سے لاتے
ہم وہ تصویر کہاں سے لاتے
خواب اتنے تھے کہ دیکھنے نہ گئے
سب کی تعبیر کہاں سے لاتے
خوش نصیبی جسے کہہ سکتے ہم
ایسی تقدیر کہاں سے لاتے
اپنے بچوں کو دعا دے نہ سکے
اُس کی تاثیر کہاں سے لاتے
تھا تقاضا کہ یزیدوں سے لڑیں
دلِ شبیر کہاں سے لاتے
ہوئیں ناکام سبھی تدبیریں
اور تدبیر کہاں سے لاتے
کیوں نہ سنتے ہمیں دنیا والے
غالبؔ و میرؔ کہاں سے لاتے
***************** |